اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ یمن میں عبوری حکومت بنانے پر سیاسی پارٹیوں کے اتفاق کے بعد بھی سابق صدر عبد ربہ منصور ہادی سعودی عرب کی حمایت سے ملک وملت کے خلاف سازشیں کررہے ہیں- ان کے اقدامات سے یمن میں تفرقہ اور اختلافات کو مزید تقویت مل رہی ہے- ادھر اعلی انقلابی کمیٹیوں نے ملت یمن سے اپیل کی ہے کہ جمعے کو صنعا میں انقلاب کی حمایت میں مظاہرے کرکے اپنے انقلاب کو آگے بڑھانے پر تاکید کرے- واضح رہے یمن کی سیاسی پارٹیوں نے جمعرات کو صنعا میں ایک اجلاس میں عبوری حکومت بنانے پر اتفاق کیا- اس اجلاس میں یمن کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے جمال عمر نے بھی شرکت کی تھی- یمن کی سیاسی پارٹیوں کے اتفاق کےباوجود سابق صدر عبد ربہ منصور ہادی، سعودی عرب کے ایما پر اپنے ملک و ملت کے خلاف سازشی اقدامات کررہے ہیں- اطلاعات کے مطابق سابق صدر کے بھائي ناصر منصور ہادی نے اپنے بھائي کے تخریبی اقدامات کی حمایت کرتے ہوئے صوبہ جنوبی عدن، لحج اور ابین کی جیلوں سے القاعدہ کے چالیس دہشتگردوں کو رہا کردیا ہے- عبد ربہ منصورہادی نے بھی اپنے دور صدارت میں القاعدہ دہشتگرد تنطیم کےبہت سے خطرناک عناصر بالخصوص تحریک یمن کے سرغنہ" طارق فضلی" کے ایک رشتہ دار کو رہا کرواکر یمن سے باہر بھیج دیا تھا- یمن میں تحریک انصاراللہ نے امریکہ اور سعودی عرب کی حمایت یافتہ حکومتوں کے کرپشن سے تنگ آکر تحریک شروع کی تھی جو آج کامیاب ہوتی دکھائي دے رہی ہے تاہم انصارللہ کی قیادت میں یمنی عوام کے انقلاب کو امریکہ اور اس کے علاقائي پٹھوؤں کی سازشوں کا سامنا ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲